کورونا وائرس ،آن لائن تعلیمی نظام اور اساتذہ کا کردار
مکرمی : کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے معمولات زندگی کا شائد ہی کوئی ایسا شعبہ ہو جو اس موذی مرض سے متاثر نہ ہوا ہو جہاں بھی یہ مرض آ پہنچا وہاں کا نظام اس سے شدید متاثر ہواہے اب چاہے وہ روزگار سے متعلق ہو یا تعلیمی نظام سے ،جن بھی علاقوں میں یہ وائرس پھیلا ہے وہاں حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں،بچوں کے وائرس سے متاثر ہونے کے پیش نظر اور انکی حفاظت کے لیئے نجی و سرکاری تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بند ہیں مگر اس وباء کے پھیلنے کیوجہ سے طلباء کی تعلیم پر انتہائی برا اثر پڑا اور انکے تعلیمی معاملات شدید متاثر ہوئے. طلباء کے تعلیمی نقصان کا ازالہ کرنے کے لیئے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آن لائن تعلیمی نظام متعارف کروایا گیا ہے تاکہ طلباء کا تعلیمی حوالے سے مزید نقصان نہ ہوسکے ،ایک وقت تھا جب معاشر ے میں روایتی تعلیم کو اہمیت دیجاتی تھی لیکن آج اس موذی مرض کے پھیلنے کیوجہ سے آن لائن تعلیمی نظام کو اہمیت دیجا رہی ہے تاکہ طلباء کے تعلیم کیریئر کومزید کسی قسم کا نقصان نہ ہو ،اب اس آن لائن تعلیمی نظام سے نرسری کلاس سے لیکر یونیورسٹی کے طالبعلم بھی فائدہ حاصل کررہے ہیں تمام سکول ،کالجز اور جامعہ درسگاہوں کے اساتذہ نے اس کڑے وقت میں اہم کردار ادا کیا ہے اس مشکل گھڑی میں خود مایوس ہوئے نہ ہی طلباء کو مایوس ہونے دیااور انکی حوصلہ افزائی کرتے رہے، انہیں ہمت و صبر سے کام لینے کی تلقین کرتے رہے یہ چیز اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ بہترین استاد ،بہترین شاگرد کو جنم دیتا ہے اور بہترین شاگرد بہترین معاشرے کو …)فرح دیبہ اسلام آباد)