سابق وزیراعلیٰ بلوچستان فائق جمالی 2026 تک الیکشن نہیں لڑسکتے،چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے سابق وزیر بلوچستان اسمبلی میر فائق جمالی کو 28 نومبر 2026 تک الیکشن لڑنے سے روک دیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے سابق وزیر بلوچستان اسمبلی میر فائق جمالی کی نااہلی کی درخواست پرسماعت کی۔دوران سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میر فائق جمالی نے نیب کیس میں اکتوبر 2013 تک سزا بھگتی ہے۔ سزا پوری کرنے کے بعد میرا موکل الیکشن لڑ سکتا ہے۔اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فائق جمالی نے جیل کی سزا پوری کی۔فائق جمالی کو احتساب عدالت نے چھ کروڑ جرمانہ بھی کیا۔ نیب قانون میں سزا پوری کرنے کے بعد دس سال کی نا اہلی ہے۔ آپ کے موکل نے جیل کی سزا پوری کی جرمانہ نہیں دیا۔فائق جمالی کے وکیل نے کہا کہ میرا موکل 29 نومبر 2016 کو جرمانہ کی رقم ادا کر چکا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جرمانہ ادا کرنے کی تاریخ سے نا اہلی کے دس سال شروع ہونگے۔ 2026 کے بعد فائق جمالی الیکشن لڑ لیں۔فائق جمالی کو کرپشن الزامات پر 14 سال سزا اور چھ کروڑ جرمانہ ہوا تھا۔ فائق جمالی اکتوبر 2013 میں جیل میں سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہو گئے۔ فائق جمالی کے الیکشن میں حصہ لینے کیخلاف نیب نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔