وزیرستان آپریشن مکمل ہونے میں 2 سے 3 ماہ لگ سکتے ہیں: قادر بلوچ

 بنوں (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی )  ریاستوں اور سرحدی امور کے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے  شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کو مکمل ہونے میں 2 سے 3 مہینے لگ سکتے ہیں۔   ملک کو دہشت گردی  سے نجات دلانے کیلئے اپنے گھر بار چھوڑنے والے  متاثرین  قومی  ہیرو ہیں۔ بنوں سپورٹس کمپلیکس میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنیوالے متاثرین کیلئے بنائے گئے ڈسٹری بیوشن پوائنٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا متاثرین کی حالت کچھ دنوں میں مزید بہتر ہوجائیگی، راشن کی تقسیم احسن طریقے سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا  شمالی وزیرستان کے متاثرین عمران خان کواعلان کئے گئے پیسے وقت پر نہ ملنے بارے شکایات کرتے ہیں لیکن ہمیں نہیں بتاتے۔ امن و امان کا مسئلہ خیبر پی کے حکومت کا معاملہ ہے، صوبائی حکومت پولیسنگ کا نظام بہتر کرے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہا کراچی میں دہشت گردی کے 8ہزار کیسز زیر التواء تھے خصوصی قوانین کی ضرورت تھی اسی لئے تحفظ پاکستان کا بل لایا گیا۔ جرم کرنیوالوں کو پکڑنا اور سزا دینا ناممکن ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا شمالی وزیرستان  آپریشن سے پہلے 60 ہزار آئی ڈی پیز آ چکے تھے۔ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ تھی، مذاکرات ناکام ہونے پر آپریشن شروع کیا۔

ای پیپر دی نیشن