لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ آندھی‘ چھتیں‘ دیواریں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی
لاہور (نمائندہ خصوصی+ خبرنگار خصوصی+ سٹی رپورٹر+ خبرنگار+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، بارش اور تیز آندھی کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2بہنوں سمیت 5افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ شدید بارش اور موسمی ناہمواری کے باعث اسلام آباد جانے والی پی کے ۔ 356پہلے اسلام آباد نہ اتر سکی اور پھر لاہور میں شدید بارش کے باعث یہاں نہ اتر سکی اور کافی دیر کے بعد لاہور میں لینڈ کر گئی اسی طرح اسلام آباد سے آنے والی پی کے 651لاہور میں نہ اتر سکی اور واپس اسلام آباد چلی گئی۔ فیصل آباد میں ایک شہری اسلم کے گھر کی چھت گرنے سے اسکی 2بچیاں ماریہ اور مافیہ دم توڑ گئیں۔ گوجرانوالہ کے علاقہ کشمیر روڈ تیز آندھی سے محنت کش کے گھر کی دیوار گرنے سے 8ماہ کا انس ملبے تلے دب کر چل بسا۔ ڈسکہ میں محنت کش چھت کے نیچے دب کر دم توڑ گیا۔ لکی مروت کے محلہ میناخیل میں گھر کی چھت گرنے سے 5سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی دیہات میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیرآب آ گئیں۔ لاہور میں بارش کے دوران دو مختلف چھتیں گرنے کے باعث شیرخوار بچوں سمیت 17افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔ 5افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ کھوکھا سٹاپ چھوٹا ساندہ بند روڈ کے قریب چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر نو ماہ کا حنان، ڈیڑھ سالہ علیشا، 12سالہ معاویہ، 7سالہ ثوبیہ، 18سالہ شکیلہ، 26سالہ ثنائ، 21سالہ کلثوم، 38سالہ نسیم، 25سالہ فرزانہ، 23سالہ اصغر، 24سالہ ظہیر، 27سالہ نسیم بی بی گجرپورہ چائنہ سکیم میں اسلم نامی شخص کے کارخانے کی چھت گر گئی تاہم تمام افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ مون سون کی بارش نے لاہور کی سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل کر دیں، شہر کے نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقے بھی زیرآب آ گئے۔ گذشتہ روز ہونیوالی صرف 4انچ بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور مختلف مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا۔ متعدد مقامات پر پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور شہریوں کا قیمتی سامان ڈوب کر خراب ہو گیا۔ علامہ اقبال روڈ، لکشمی چوک، گلبرگ، مصری شاہ، اک موریہ پل، وارث روڈ، اندرون شہر ریلوے سٹیشن، لارنس روڈ، اقبال ٹاﺅن سمیت دیگر علاقے زیادہ متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں پنجاب، بالائی خیبر پی کے اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ کنگن پور سے نامہ نگار کے مطابق دریائے ستلج میں کٹاﺅ کے باعث سرحدی دیہات کوٹ مندر سنگھ، کوٹھی فتح محمد، دایا سنگھ والا، فتح محمد کلاں، کلے والا وغیرہ شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر شمالی وزیرستان میں شدید بارش سے دریائے توچی میں طغیانی آ گئی جس سے حفاظتی پشتے ٹوٹ گئے اور کئی علاقے زیرآب آ گئے اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
بارش
بارش