سپریم کورٹ : عراق کویت جنگ متاثرین کو جاری کروڑوں روپے خورد برد کرنے پر 8 افسران سمیت 13ملزمان کے خلاف کارروائی کا حکم
اسلام آباد (آئی این پی + مانیٹرنگ نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے عراق کویت جنگ متاثرین کو اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کروڑوں روپے خورد برد کرنے پر او پی ایف کے 8 افسران سمیت 13ملزمان کے خلاف نیب کو کارروائی کا حکم دیدیا ہے جبکہ ایم ڈی او پی ایف کو ہدایت کی ہے کہ وہ حقیقی 13390 متاثرین کی فہرست عدالت میں پیش کرے جبکہ ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرین کی رقوم پر لگائے گئے ٹیکس کے 15کروڑ روپے واپس کرے مزید سماعت 24 اگست تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دئیے ہیں کہ متاثرین کو لوٹنے والے او پی ایف افسران کے خلاف نیب سمیت کسی ادارے نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ فراڈ میںملوث افسران کے خلاف نہ صرف محکمانہ کارروائی ہونی چاہیے بلکہ ان کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کئے جانے چاہئیں۔ محکمے نے ان افسران کو صرف معطل کیوں کیا ہے ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا ہے جبکہ جسٹس چوہدری اعجاز احمد نے ریمارکس دئیے ہیں کہ او پی ایف ڈائریکٹر انجوائے کر رہے ہیں جبکہ متاثرین شدید گرمی میں سڑکوںپر دھکے کھا رہے ہیں ۔ قانون خاموش نہیں رہے گا۔ چیف جسٹس افتخار‘ جسٹس چوہدری اعجاز احمد اور جسٹس ایم اے شاہد صدیقی پر مشتمل 3 رکنی فل بنچ نے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ اس دوران ایم ڈی او پی ایف کی جانب سے حسن اورنگزیب ایڈووکیٹ ‘ سیکرٹری او پی ایف ‘ نیئر حسنین بخاری ذاتی طور پر جبکہ سینکڑوں عراق کویت جنگ متاثرین عدالت میں پیش ہوئے۔ دریں اثنا سپریم کورٹ نے اسلام آباد سٹاک ایکسچینج کریش ہونے پر اربوں روپے کا نقصان ہونے کے حوالے سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت راولپنڈی کو حکم دیا ہے کہ مذکورہ واقعے کے حوالے سے نیب مقدمے کی قانون کے مطابق سماعت کی جائے اور اس کی 15 روزہ رپورٹ رجسٹرار سپریم کورٹ کو ارسال کی جائے۔