وفاقی ٹیکس محتسب نے نا ن کسٹم پیڈ لگژری گاڑیوں کی نیلامی کے آڈٹ کا حکم دیدیا
لاہور( این این آئی)پاکستان ٹیکس بار اور لاہور ٹیکس بار کے عہدیداران کی جانب سے اسمگلنگ کو روکنے اورایف بی آر کے افسران کے بے جااختیارات بارے نوٹس لینے کی درخواست پر وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی 2013 تا 2019 نیلامی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے نیلامی کا آڈٹ کرنے کا حکم دیدیا۔ پاکستان ٹیکس بار کے صدر آفتاب ناگرہ، سینئر نائب صدر قاری حبیب ا لرحمن ز بیری، جنرل سیکرٹری فرحان شہزاد سمیت دیگر عہدیداران نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا سے ملاقات کر کے ایف بی آر کے افسران کے رویے ،غیرقانونی ہراساں کرنے ،سمگلنگ کو روکنے اور قانون کے غلط استعمال پر از خود نوٹس کی درخواست کی تھی اور ٹیکس دہندگان کے مسائل کی طرف نشاندہی بھی کی گئی تھی۔ وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹیکس بارز کے عہدیداران مسائل کی طرف نشاندہی کرنے کے ساتھ کرپشن کو روکنے اورسمگلنگ پر قابو کے لیے ہمارا ساتھ دیں تاکہ پاکستان کے روشن مستقبل اور خوشحالی کے لیے قانونی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بگڑے ہوئے معاملات اور حالات کی درستگی کی جائے اور ریونیو کلیکشن کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔