آل پاکستان رینکنگ ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ آج شروع ہوگی ، خواجہ احمد مستقیم
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام اور سندھ ٹین پن بائولنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے پانچویں آل پاکستان رینکنگ ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ آج 9 جنوری سے کارساز ایرینا میں شروع ہورہی ہے جس میں 600سے زائد بولرز چار مختلف کیٹگری میںشرکت کررہے ہیں، پانچ روزہ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب اتوار 13 جنوری کو ہوگی۔اس بات کا اعلان پی ٹی بی ایف کے نائب صدر اور ورچوئل ایکسز کے سی ای او خواجہ احمد مستقیم نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں انکے ساتھ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اعجاز الرحمان، سندھ ٹین پن بائولنگ ایسوسی ایشن کے صدر علیم آغا، سمیت دیگر موجود تھے۔ ورچوئل ایکسز کے سی ای او خواجہ احمد مستقیم نے بتایا کہ فیڈریشن نے بائولنگ کا نیا سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب پاکستان سے بائولنگ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں وہ ہی کھلاڑی شرکت کے اہل ہونگے جو اس سسٹم کے تحت کوالیفائی کرینگے۔ رینکنگ ٹورنامنٹ کے ٹاپ 16 بولرز انٹر نیشنل ایونٹس میں جگہ بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس کھیل کے فروغ کیلئے چیمپیئن شپ میں بائولنگ فیڈریشن نے کچھ تبدیلیاں بھی کی ہیں قومی بولرز کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے انہیں کھیلنے کا زیادہ سے زیادہ موقع فراہم گیا ہے تاکہ انکی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے ایونٹ میں گیمز کی تعداد کو بڑھایا گیا ہے تاکہ ایونٹ سے بہترین بولرز سامنے آسکیں۔ خواجہ احمد مستقیم نے بتایا کہ چیمپیئن شپ میں پانچ کیٹیگریز ماسٹرز سنگلز ، امیچرز سنگلز، انٹر اسکولز ، ٹرائیو اور انٹر میڈیا رکھی گئی ہیں ان کیٹیگریز میں ملک بھر سے 600 بولرز شرکت کرینگے ، بنیادی سطح پر کھیل کے فروغ کیلئے اسکولز کے طلبہ کو بھی کھیلنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے وہاں سے بھی ٹیلنٹ تلاش کیا جائیگا۔ سندھ ٹین پن بائولنگ ایسوسی ایشن کے صدر علیم آغا نے کہا کہ ایس ٹی بی اے نے فیڈریشن کیساتھ ملکر 2019 کا کیلینڈر تربیت دیا ہے جس کے تحت صوبے سے بنیادی سطح پر ٹیلنٹ تلاش کیا جائیگا اس حوالے سے انٹر اسکول مقابلوں کا جال بچھایا گیا ہے کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں جہاں بائولنگ کی سہولیات موجود ہیں وہاں ٹورنامنٹس منعقد کئے جائینگے۔ پریس کانفرنس میں پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری اعجاز الرحمان بھی موجود تھے۔