اسلام آباد ٹریفک پولیس اور نیشنل بینک کے مابین ای چالان اور ادائیگیوں کا معاہدہ
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسلام آباد ٹریفک پولیس اور نیشنل بینک آف پاکستان کے مابین ای چالان اور ادائیگیوں کے لئے معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ڈرائیور کا چالان کیا جائے گا جو ڈرائیور کو بذریعہ ایس ایم ایس بھجوایا جائے گا اور چالان کی ادائیگی کے لئے ابتدائی طور پر ایک ہزار پوائنٹ قائم کئے جائیں گے جہاں شہری بینک میں چالان جمع کرانے کی بجائے اسی مقام پر آسانی سے چالان جمع کرا سکیں گے شہریوں کو ایپلی کیشن کے استعمال سے متعلق آئی ٹی پی اور این بی پی کی جانب سے آگاہی فراہم کی جائے گی پیر کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل بینک کے صدر سعید احمد ، آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری ، ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور بینکنگ کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تقریب کے موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان اور اسلام آباد ٹریفک پولیس میں ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت نیشنل بینک اور آئی ٹی پی کی جانب سے ای چالان سسٹم متعارف کرایا گیا اور اس نظام کے تحت شہریوں کو چالان بک پر چالان دینے اور بینک میں جا کر ادائیگی کرنے کے بجائے موقع پر چالان کی ادائیگی کی سہولت میسر ہو گی جو جے کیش کے ذریعے کی جائے گی معاہدے پر آئی جی اسلام آباد اور صدر نیشنل بینک نے دستخط کئے اس نظام کا مقصد اسلام آبادکے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے ۔ تقریب کے دوران بتایا گیا کہ یہ تجویز اور منصوبہ نیشنل بینک کے ہیڈ ایجوکیشن اور ای بینکنگ کے سربراہ عضفرجمال کی جانب سے تیار کیا گیا جبکہ اس میں ایس ایس پی ملک مطلوب اورجے ایس بینک کے نعمان اظہر نے بھی کردار ادا کیا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید احمد نے کہا کہ یہ سروس شہریوں اور ٹریفک اہلکاروں کے لئے آسانی کا باعث ہو گی جو وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ چالان بک کی غلطیاں بھی ختم کر دے گی کیونکہ اس ایپلی کیشن میں ہر چیز کو ڈیجیٹل طور پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ڈیجیٹل حل فراہم کرنے کے لئے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے نیشنل بینک والٹ کارڈ اوراے ٹی ایم سمیت دیگر مزید منصوبے بھی شروع کرے گا ۔ ایپلی کیشن کے استعمال سے متعلق نیشنل بینک 3 ٹریننگ سیشن منعقد کر چکا ہے تاہم ٹریفک پولیس کی جانب سے باقاعدگی کے ساتھ عوام کو آگاہی فراہم کئے جانے پر ہی اس ڈیجیٹل نظام کا حقیقی مقصد پورا ہو گا ۔ سلطان اعظم تیموری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لئے ایک خاص دن ہے کیونکہ یہ مسائل کا ڈیجیٹل حل تلاش کرنے کی طرف پہلا قدم ہے ہم ڈیجیٹل سہولیات کے وسیع استعمال کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے صدر نیشنل بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نیشنل بینک کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے اوریہ انتہائی خوشی کا موقع ہے جس نے ہمارے ٹریفک کے اہلکاروں کو بڑے پیمانے پر عام لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے نظام متعارف کرایا ٹیکنالوجی وقت کی ضرورت بن چکی اس موقع پر ہے جے ایس بینک ڈیجیٹل بینکنگ کے گروپ ہیڈ خرم شیخ نے کہا کہ این بی پی اور اسلام آباد پولیس کے ساتھ ہماری شراکت داری بہت اچھا موقع ہے اور ہم واقعی پاکستان کے لوگوں کے لئے مثبت تبدیلی لانے کے خواہاں ہیں ، پاکستان میں نظام کو بہتر بنانے کے لئے یہ طریقہ سب سے موثر ثابت ہوگا۔ نیشنل بینک اس پراجیکٹ میں جازکیش، ایزی پیسہ سمیت دیگر پارٹیز کو بھی شامل کرے گا ۔