سیکٹر ای ایلون میں بلا اجازت کھولے گئے 5 پلازوں کو دوبارہ سربمہر کر دیا گیا
اسلام آ باد( وقائع نگار)سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کے لیے سیکٹر آئی12- میں کیے جانے والے ایک بڑے آپریشن کے دوران غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر کے سرکاری اراضی کو واگزار کروایا گیا۔ اس آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ 03 کمرے بوکرہ گائوں میں مسمار کر کے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ اسی طرح سیکٹر I-12 میں13th ایونیو سے ایک حفاظتی دیوار اور بھینسوں کا باڑہ بھی مسمار کر دیا گیا۔ آپریشن میں انوائرنمنٹ ونگ کے متعلقہ شعبوں نے بھی حصہ لیا۔دریں اثناء سیکٹر E-11 میں سر بمہر کیے جانے والی عمارتوں اور پلازوں کے خلاف بھی قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے 05 پلازوں کو دوبارہ سربمہر کر دیا گیا جن کو غیر قانونی طور پر بلاِ اجازت کھول لیا گیا تھا۔دوبارہ سے سر بمہر کی جانے والی عمارتوں کا یہ آپریشن سی ڈی اے کے سینئر سپیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بلڈنگ کنٹرول سیکشن (بی سی ایس) کے ساتھ مل کر کیا۔