’’متفقہ آئین کا خالق بھٹو قوم کے دلوں میں زندہ ہے‘‘
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو آواز دی‘ سیاست کو ڈرائنگ روم سے باہر نکالا‘ عام آدمی کو پارلیمنٹ میں پہنچایا‘ متفقہ آئین دے کر ایٹمی پاکستان کی بنیاد یہ کہہ کر رکھی کہ گھاس کھائیں گے ایٹم بم بنائیں گے‘ اسلامی سربراہ کانفرنس کا انعقاد کر کے امت مسلمہ کو یکجہتی اور ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا نقطہ سمجھایا‘ قائد عوام نے مختصر عرصہ اقتدار میں ادارے قائم کئے‘ عوام کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا حقدار بنایا‘ ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے سٹیل مل‘ ایروناٹیکل کمپلیکس‘ کیرج فیکٹری جیسے قومی ادارے قائم کئے ان کا کردار ہمیشہ زندہ رہے گا‘ عدالتی قتل کو دنیا بھر میں برا کہا گیا‘ بھٹو پھانسی چڑھ گیا مگر جھکا نہیں‘ بکا نہیں‘ بھٹو کے چاہنے والے بھی اس کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شکیل عباسی‘ راجہ امجد‘ چودھری ارشد‘ ملک سجاد‘ راجہ ظہیر‘ شاداب کیانی‘ راجہ باسط‘ راجہ شفیق و دیگر نے سالگرہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ بھٹو ایک عشق ہے اور مخالفین کے ہتھکنڈے یہ عشق دلوں سے نہیں نکال سکتے‘ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔