چیئرمین سی ڈی اے کے عہدے پر مستقبل تقرری کیلئے آرڈیننس 1960ء میں ترمیم کا فیصلہ
اسلام آباد( وقائع نگار) حکومت نے چیئرمین سی ڈی اے کے عہدے پر مستقل تقرری کے لیے سی ڈی اے آرڈیننس 1960کی ذیلی دفعہ 8(ایف ) میں ترمیم کا فیصلہ کرلیاہے وزارت کیڈ نے آرڈیننس میں مجوزہ ترمیم کی سمری وزیر اعظم آفس کو ارسال کردی ہے آئندہ ہفتے صدارتی آرڈیننس کے اجراء کے بعد نئے چیئرمین سی ڈی اے کی تقرری کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں شہری مسائل کے ذمہ دار ادارے وفاقی ترقیاتی ادارے ( سی ڈی اے ) میں عدالتی فیصلے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی انتظامی بحران کا نوٹس لے لیا ہے اور اس ضمن میں سی ڈی اے آرڈیننس کی متعدد شقوں میں فوری طورپر ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے سی ڈی اے کے ایک سنیئر آفیسر کے مطابق وزارت کیڈ نے سی ڈی اے آرڈیننس 1960کی ذیلی دفعہ 8(ایف ) میں ترمیم کے حوالے سے ایک سمری وزارت قانون کی رائے کے بعد وزیر اعظم آفس کو ارسال کی ہے جس میں مناسب ترمیم کی سفارش کی گئی ہے واضح رہے کہ مذکورہ رولز کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز کی بطور قائم مقام چیئرمین تقرری کے حوالے سے جاری کردہ اپنے فیصلے میں چیئرمین سی ڈی اے کے عہدے پر کسی بھی بیورو کریٹ کی تقرری کو غیر قانونی قرار دے دیاتھا عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ حکومت اس عہدے پر موزوں فرد کی تقرری کے لیے اس اسامی کو ڈیڑھ ماہ کے اندر مشتہر کرے عدالتی فیصلے کے بعد حکومت کی جانب سے نئے چیئرمین کی تقرری میں رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی جس کے باعث سی ڈی اے کو اپنا معمول کا کاروبار چلانے کے لیے بھی انتظامی بحران کا بھی سامنا کرنا پڑرہاہے اس عہدیدار نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وزارت کیڈ کی سمری کی منظوری کے بعد صدر ارتی آڈیننس کے زریعے اس قانون میں تبدیلی کی جارہی ہے اور اس بنیاد پر آئندہ ہفتے ہی نئے چیئرمین سی ڈی اے کی تقرری کا امکان ہے جو سنیئر بیورکریٹ ہو گا۔