نئے چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی کی تشکیل
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نئے چیئرمین کی تقرری کے لیے وازرت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے سرچ کمیٹی کی تشکیل اور اسامی کو مشتہر کرنے کی سمری تیار کر لی ہے ،سمری آج وزیر اعظم ہائوس منظوری کے لیے بھجوائی جائے گی،سمری میں سرچ کمیٹی کے لیے ملک کے معروف ماہرین تعلیم اور اعلیٰ انتظامی عہدوں پر کام کرنے والے پندرہ افرا د کے نام شامل کیے گئے ہیں،موجودہ چیئرمین ایچ ای سی بھی آئندہ چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں، ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ سے چیئرمین ایچ ای سی مقرر کیے جانے کا قوی امکان ہے ۔وازرت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ذرائع کے مطابق موجودہ چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت اپریل میں ختم ہو رہی ہے جس کے بعد نئے چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری ہوگی،نئے چیئرمین کی تقرری کا باقاعدہ عمل ابھی سے شروع کر دیا گیا ہے تاکہ موجودہ چیئرمین کی مدت ملازمت ختم ہوتے ہی فوری طور پر اس عہدے پر بروقت تقرری کی جاسکے اور کوئی خلا باقی نہ رہے۔اس حوالے سے سرچ کمیٹی کی تشکیل اور اسامی کو مشتہر کرنے کے لیے سمری تیار کرکے آج وزیر اعظم کو بھجوائی جائے گی،سرچ کمیٹی کی تشکیل کے لیے وزارت کی طرف سے پندرہ افراد کے نام وزیر اعظم کو بھجوائے گئے ہیں جن میں ملک کے معروف ماہرین تعلیم اوراعلیٰ انتظامی عہدوں کا تجربہ رکھنے والے افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایچ ای سی رولز کے تحت کسی بھی چیئرمین ایچ ای سی کو ملازمت میں توسیع نہیں دی جا سکتی بلکہ اس کے لیے باقاعدہ سرچ کمیٹی قائم کی جاتی ہے اور اسامی کو مشتہر کیا جاتا ہے ۔