سفری حفاظت سے متعلق قوانین کو بہتر بنایا جائے،مجلس قائمہ مواصلات
اسلام آباد (نا مہ نگار) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات نے ہدایت کی ہے کہ سفری حفاظت سے متعلق قوانین اور قواعد کو بہتر بناکر انہیں عالمی قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے۔کمیٹی نے نیشنل ٹرانسپورٹ ریسرچ سنٹر(این ٹی آر سی) کے لیے واٹر ٹینک کی تعمیر کے حوالے سے پاک پی ڈبلیو ڈی سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کر لی ہے۔ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کا اجلاس چیئرمین محمد مزمل قریشی کی صدارت میںاین ٹی آر سی کے ہیڈ آفس میں ہوا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ نیشنل ٹرانسپورٹ ریسرچ سنٹر( این ٹی آر سی )نے 5ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے ٹریفک کے مسائل کے متعلق پانچ تحقیقات کرکے ان کی رپورٹ پیش کی ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ ان تحقیقات کو نہ صرف ممبران کمیٹی کو فراہم کیا جائے بلکہ ان تحقیقات کی بنیاد پر نئی قانون سازی کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس 2000کو بھی از سر نو جائزہ لے کر بہتر کیا جارہا ہے۔ مجلس قائمہ نے سفارش کی کہ ٹریفک کے بارے میں تمام قوانین اور قواعد کو بہتر بنایا جائے اور انہیں عالمی قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے۔مجلس قائمہ نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی نے ایک بار این ٹی آر سی کے لئے واٹر ٹینک بنانا شروع کیا اور پورا فنڈ وصول کرنے کے باوجود اسے مکمل نہیں کیا۔ پھر دوبارہ نئے فنڈز منظور ہوئے اور وہ بھی پاک پی ڈبلیو ڈی نے پورے کے پورے وصول کرلئے مگر ابھی تک اس واٹر ٹینک کو مکمل نہیں کیا اور ادھورا چھوڑ کر کام بند کردیا گیا۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی اس سلسلے میں اپنی غیر معیاری کارکردگی کا جواب دے اور اس سلسلے میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر ذمہ داران ذاتی طور پر کمیٹی میں پیش ہوں۔ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس نے کمیٹی کو بتایا کہ گذشتہ عرصہ میں 13اجلاس کے دوران 24سفارشات موٹروے پولیس کے بارے میں تھیں جن میں سے 20پر عمل درآمد ہو چکا ہے جبکہ چار امور پر عمل درآمد جاری ہے۔ مجلس قائمہ نے دریائے سندھ کے کنارے موٹروے ایم-ون پر موجود ریستورانوں کی بندش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں خیبر پختونخواہ حکومت کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے اور ان سے گلگت چترال تا چکدرہ سڑک کے ترقیاتی کام کے بارے میں استفسار کیا جائے۔اجلاس میںممبران مجلس قائمہ برائے مواصلات مائزہ حمید، سلیم رحمان، انجینئر حامد الحق خلیل، مولانا قمرالدین، نسیمہ حفیظ پانزئی، انجینئر عثمان خان ترکئی اور شاہجہاں منیر مانگریو نے شرکت کی ۔سیکرٹری ، مواصلات اور دیگر کئی اعلی افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔