امت مسلمہ اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک ہوجائے ، مظہر علی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی اسلام دشمن پالیسیاں اور اقدامات انسانیت کو تقسیم اور دہشتگردوں کو تقویت فراہم کرنے کے مترادف ہیں، امت مسلمہ اپنے تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک اور نیک ہو کر باطل قوتوں کے مقابلے میںسیسہ پلائی دیوار بن جائے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ہیڈکوارٹر مکتب تشیع میں بین الااقوامی امور کے موضوع پر شعبہ امور خارجہ ٹی این ایف جے کی ماہانہ بریفنگ کے دوران ذیلی شعبہ جات کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مظہر علی شاہ نے اس امر پر تشویش کا اظہارکیا کہ استعماری سرغنہ اور اُسکے بغل بچے یہود و ہنود اسرائیل و بھارت مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کا امن تباہ کرنے میں مصروف ہیں ،جنکی شہ پرعالمی ادارے مشرقی تیمور،جنوبی سوڈان میں تو حق ِ خود ارادیت دے چکے ہیں مگر فلسطین و کشمیر میں وہاں کے عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے گریزاں ہیںجو اُنکی اسلام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔نائب صدرٹی این ایف جے سیدمظہرعلی شاہ ایڈووکیٹ نے باور کرایا کہ تاریخ مسلم گواہ ہے کہ باطل قوتیں ہمیشہ مسلمانوں کے جاہ و جلال کے سامنے سہمی ہوئی نظر آتی ہیں کیونکہ وہ یہ حقیقت ازل سے جانتے ہیں کہ مسلمان کسی سے نہیں ڈرتا اور نہ ہی اُسے موت کا خوف ہوتا ہے اسی لئے اسلام دشمن طاقتیں لا دینی عناصر کو یکجا کر کے مسلمانوں پر حملہ کرتی ہیں لیکن فطری بزدلی اُنہیں میدان میں مسلمانوں کے سامنے پسپا کر دیتی ہے کیونکہ اُنہیں یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ مسلمان ایک قوم ہی نہیں بلکہ تعداد میں کم ہونے کے باوجود ایمان سے لیس بہت بڑی طاقت ہیں جنکے اس جذبے کو سرد کرنے کیلئے وہ ہمیشہ سہاروں کی تلاش میں ہر طرف منہ مارتی ہیں ۔ سید مظہر علی شاہ ایڈووکیٹ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مسلم دنیا پاکستان کی قیادت میں یکجا ہو کر موجودہ نازک عالمی صورتحال میں سنجیدگی کیساتھ مضبوط لائحہ عمل وضع کرے ورنہ عالمی سرغنہ عالم اسلام اور پوری انسانیت کو نئے بحرانوں سے دوچار کر سکتا ہے ۔اُنہوں کہا کہ مسلمانوں کو کفر پر غلبہ حاصل کرنے کیلئے اپنے اندر فضائے بدر پیدا کرنا ہو گی۔