10 مزید پی ٹی آئی چیئرمین حامی ہو گئے‘ ملتان ڈویلپمنٹ گروپ کا دعویٰ
ملتان (خبرنگار خصوصی) ملتان ڈویلپمنٹ گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مزید 10 پی ٹی آئی کے چیئرمینوں کی حمایت مل گئی ہے اور اس طرح ان کے گروپ کے ممبران کی تعداد 44 ہو گئی ہے ڈویلپمنٹ گروپ کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس یو سی 34 کے آفس میں منعقد ہوا جس میں میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر ملک عدنان ڈوگر نے اپنے چیئرمینوں ملک عاصم کالرو منور قریشی‘ اعجاز ڈوگر عرف ججی‘ بلال خان‘ شوکت مسیح ‘ عمران رشید سلہری‘ مبین گل ‘ قربان فاطمہ اور سعدیہ بھٹہ نے شرکت کی اور مذکورہ گروپ کی حمایت کا اعلان کیا اس موقع پر اختر عالم قریشی رسالت خان شیروانی اور جلیل خان بابر نے کہا کہ ہم نے کسی ایم این اے یا ایم پی اے کو میئر سے مذاکرات کرنے کا اختیار نہیں دیا تمام فیصلے گروپ میں شامل چیئرمین کریں گے اجلاس میں دیگر چیئرمینوں اور سیاسی شخصیات سے بھی رابطے کرنے کا فیصلہ کیا گیا دوسری جانب میئر آفس کا کہنا ہے کہ تمام ترقیاتی فنڈز برابر تقسیم کئے گئے ہیں انہیں مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل ہے تحریک عدم اعتماد آنے کی صورت میں وہ بھرپور دفاع کر کے اسے ناکام بنائیں گے چند چیئرمینوں کو ان کی خواہش کے مطابق کمیٹیوں کا چیئرمین نہ بنانے اور دیگر سیاسی معاملات کی وجہ سے ان پر دباؤ بڑھانے کے لئے ایسا کیا جا رہا ہے جبکہ میئر نے ناراض ممبران کو منانے کے لئے رابطے شروع کر دئیے ہیں اور اپنے گروپ کے اجلاس بلا کر ان سے مشاورت بھی شروع کردی ہے جبکہ ناراض چیئرمینوں نے میونسپل کارپوریشن کا اجلاس بلانے کے لئے درخواست دے دی ہے اس سلسلے میں وفد آج چیف افسر سے ملاقات کرے گا علاوہ ناراض ممبران نے متحد رہنے کے لئے حلف لینے کا بھی سلسلہ شروع کر دیا ہے۔