اسحاق ڈار نے نت نئے ٹیکسز لگا کر تاجروں کو پریشان کیا: خواجہ محمد شفیق
ملتان( نمائندہ خصوصی) چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق کی زیر صدارت مظفر گڑھ میں آل پاکستان تاجر کنونشن کاانعقاد کیا گیا کنونشن میں ملک بھر سے تاجر نمائندوں نے شرکت کی۔ کنونشن میں جون تک پاکستان بھر کے مختلف اضلاع میں ٹیکسز مسائل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی قادیانیوں کے خلاف کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا مختلف قرار دادیں بھی پاس کی گئیں۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہاکہ تاجر کمزور اور بددیانت نہیں ملک کیلئے ٹیکسز دیتے ہیں ارکان اسمبلی سینٹ ممبران یتیم مسکین نہیں جو ٹیکسز ادا نہیں کرتے تاجروں کی گردن پر ہی خنجر کیوں چلایاجاتا ہے۔ زراعت سمیت دوسرے شعبوں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایاجاتا۔ 15سے 20فی صد زیادہ ٹیکس دے دیں گے لیکن آڈٹ نہیں کرائیں گے کیونکہ آڈٹ کا پیسہ حکومت کے خزانے میں نہیں ایف بی آر افسروں کی جیبوں میں جاتا ہے ہم حالات بہتر بنانا چاہتے ہیں 20کروڑ عوام کی نمائندگی کا دعویٰ کرنے والے ملک کا سوچیں انہوں نے کہاکہ تاجروں نے ن لیگ کو ووٹ بھی دئیے اور نوٹ بھی اس کے باوجود اسحاق ڈار نے نئے نئے ٹیکسز لگا کر تاجروں کو پریشان کیا پنجاب میں ریونیو جمع کرنے کیلئے بلیک میلنگ ہورہی ہے پنجاب کے بجٹ کیلئے ٹریفک پولیس کو اربوں کا ٹارگٹ دیا گیا جو انہوں نے چالان کرکے پورے کئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ریونیو اتھارٹی چھوٹے تاجروں کو پریشان کررہی ہے موٹر سائیکل مکینک پنکچر لگانے والوں پرٹیکسز عائد کردئیے گئے۔ کنونشن سے صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل خان بلوچ چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان کے صدر ظفر اقبال صدیقی، وہاڑی کے صدر ارشاد حسین بھٹی خانیوال کے صدر انعام اللہ قریشی، جنرل سیکرٹری بہاولنگر شیخ فضل الٰہی ، صدر کہروڑپکا خواجہ عبید الرحمان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب ممتاز علی بابر، صدر انجمن تاجران سندھ عبدالقیوم قریشی، صدر انجمن تاجران حیدر آباد رحمت اللہ صدر راجن پور علاء الدین مزاری، جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب ارشد باجوہ، جنرل سیکرٹری ملتان شہر عزیز الرحمان انصاری، محمد علیم سرپرست بہاولپور، رحیم یار خان کے صدر ممتاز بلوچ، ڈیرہ غازی خان کے صدر ذوالفقار خان نصوحہ، انجمن تاجران مظفر گڑھ کے عہدیداران ملک جاوید اختر، شیخ عامر سلیم، ملک امیر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائدین کی رہنمائی میں متحد ہوکر آگے بڑھیں گے ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرکے اُن سے تاجروں کی نمائندگی کیلئے بات چیت کی جائے۔ حکومتیں تاجروں کو پریشان کرتی ہیں چھوٹے تاجر آگے بڑھیں اور حکمران ہوش کے ناخن لیں بصورت دیگر لانے والے انہیں واپس بھی بھجواسکتے ہیں۔