ہائیکورٹ نے انڈسٹریل گیس ٹیرف کی وصولی روک دی، اوگرا، حکومت سے جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے انڈسٹریل گیس ٹیرف بڑھانے کے خلاف دائر درخواست پر صارفین سے انڈسٹریل ٹیرف وصولی سے روکنے کی استدعا پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے اوگرا اور وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ فاضل عدالت نے اللہ وسایہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انڈسٹریل گیس ٹیرف بڑھانے سے قبل وفاقی حکومت سے مشاورت نہیں کی گئی۔ درخواستگزار وکیل نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ اوگرا انڈسٹریل گیس ٹیرف بڑھانے سے قبل وفاقی حکومت سے مشاورت لینے کا پابند ہے تاہم انڈسٹریل گیس ٹیرف بڑھاتے وقت قانونی تقاضے بھی پورے نہیں کیے گئے۔ درخواستگزار وکیل نے نشاندہی کی کہ عدالت انڈسٹریل گیس ٹیرف بڑھانے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اوگرا کو عدالت کے حتمی فیصلے تک صارفین سے انڈسٹریل ٹیرف وصولی سے روک دیا۔