پاکستان کی دولت دنیا کی مجموعی دولت کا 0.2 فیصد ہے:رپورٹ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کی مجموعی دولت کا اندازہ 558 ارب ڈالر ہے جو دنیا کی مجموعی دولت کا 0.2 فیصد ہے۔ کریڈٹ سوئس کی گلوبل ویلتھ رپورٹ 2017ء کے مطابق اس وقت دنیا کی مجموعی دولت 280 کھرب ڈالر ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2010ء کے بعد عالمی دولت میں سب سے زیادہ اضافہ گزشتہ سال کے دوران ہوا ہے اور 2022ء تک عالمی دولت 341 کھرب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔ سال 2000ء میں پاکستان میں بالغ افراد کی فی کس دولت 2549 ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی جو سال 2017ء کے اختتام پر 5174 ڈالر تک بڑھ گئی ہے۔