افسروں کی ترقی سے متعلق سنٹرل سلیکشن بور ڈ کا اجلاس آج شروع ہو گا
اسلام آباد (نامہ نگار) مختلف سروس گروپوں کے گریڈ19 اورگریڈ 20 کے افسران کی ترقی کیلئے سینٹرل سلیکشن بورڈ کا 3 روزہ اجلاس (آج) منگل کو شروع ہو گا، جس کی صدارت چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن نوید اکرم چیمہ کریں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری داخلہ، صوبوں کے چیف سیکرٹری اور آئی جیز سمیت بورڈ کے ارکان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں پولیس سروس کے گریڈ 19کے 40 افسران کو گریڈ 20 میں ترقی دی جائے گی اور اس کیلئے 100 افسران کا پینل تیار کیا گیا ہے جبکہ پولیس گروپ کے گریڈ 20کے 14 افسران کو گریڈ21 میں ترقی دی جائے گی اور اس کیلئے 56 افسران کا پینل تیار کیا گیا ہے، پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس سیکرٹریٹ گروپ، فارن سروس، انفارمیشن گروپ سمیت دیگر سروس گروپوں اور ایکس کیڈر افسران کی ترقیوں کے کیس بھی زیر غور آئیں گے، بورڈ کا اجلاس 12جنوری تک جاری رہے گا، بورڈ کی سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دیں گے جس کے بعد افسران کی ترقی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے جائیں گے۔