حکومت کا اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے‘ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب 17 جنوری کو مشترکہ حکمت عملی تیار کریں گی‘ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں احتجاجی تحریک کو موثر طورپر ناکام بنانے کے لئے دونوں حکومتیں سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی خدمات حاصل کریں گی۔ چودھری نثار علی خان آئندہ چند دنوں میں لاہور جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ چودھری نثار علی خان سے مشاورت کریں گے‘ تاحال ڈاکٹر طاہر القادری نے احتجاجی تحریک کے خدو خال واضح نہیں کئے۔ ابھی تک لاہور یا اسلام آباد دھرنا دینے کا اعلان بھی نہیں کیا گیا۔ احتجاجی تحریک کے لئے 7 رکنی کمیٹی کے سامنے لائحہ عمل واضح نہیں‘ تاحال ڈاکٹر طاہر القادری تذبذب کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کو کسی مصروف شاہراہ پر دھرنا دینے کی اجازت نہیں دے گی اگر ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے لاہور سے اسلام آباد کی طرف مارچ کیا اور اسلام آباد میں ایک اور دھرنا دینے کا پروگرام بنایا تو ان کو لاہور میں ہی روک دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت ڈاکٹر طاہر القادری کے قافلے کو دوبارہ اسلام آباد میں دھرنا دینے کی اجازت نہیں دے گی۔ اپوزیشن کی جانب سے پیدا کی جانے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ریاستی قوت کا بھرپور استعمال کیا جائے گا‘ امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے ناکام بنا دیا جائے گا۔ احتجاجی تحریک کے رہنماؤں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔