آصف زرداری سینٹ انتخابات کیلئے متحرک ہو گئے انتخابات کیلئے بھی جوڑ توڑ شروع
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سینٹ انتخابات کیلئے متحرک ہو گئے، بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثنااللہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی پس پردہ زرداری کے کردار کی اطلاعات ہیں جبکہ انتخابات کیلئے بھی جوڑ توڑ شروع کر دیا گیا ہے۔ سابق صدر نے اپنی بہن فریال تالپور کو سینٹ الیکشن جتوا کر چیئرمین سینٹ بنوانے کیلئے جے یو آئی سمیت دیگر جماعتوں سے بیک ڈور رابطے شروع کرد ئیے ہیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے زرداری نے سینٹ الیکشن میں فریال تالپور کو چیئرمین بنوانے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ سینٹ الیکشن میں جے یو آئی فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، مولانا فضل الرحمن فاٹا اصلاحات بل پر مسلم لیگ سے ناراض ہیں جس کے نتیجہ میں انہوں نے تاحال بلوچستان میں وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ثنااللہ زہری کی حمایت کی یقین دہانی نہیں کرائی اور ان کے نوازشریف سے اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں، اس صورتحال میں زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ، مولانا فضل الرحمان آئندہ کے سیاسی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مارچ میں حکومت سے علیحدگی اختیار کر لیں گے تاکہ سینٹ انتخابات میں وہ اپنے مفاد کو مدنظر رکھ کر حصہ لے سکیں۔ سینٹ الیکشن اگر بروقت ہوتے ہیں تو چیئرمین سینٹ کے عہدہ کیلئے حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا، اگرچہ مسلم لیگ(ن)سنگل لارجسٹ پارٹی ہوگی تاہم اسے سینٹ میں سادہ اکثریت بھی حاصل نہیں ہو گی، 104 کے ایوان میں (ن)لیگ کے پاس 40 سیٹیں ہو سکتی ہیں، اس کے برعکس پیپلزپارٹی جے یو آئی،(ق)لیگ، فاٹا ارکان کو ساتھ ملانے کی کوشش کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ممکنہ ڈیل کی صورت میں چیئرمین سینٹ پیپلزپارٹی اور ڈپٹی چیئرمین جے یو آئی سے ہو گا۔ آصف زرداری اے این پی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے بھی کوشش کر رہے ہیں، قوی امکان ہے اے این پی مسلم لیگ (ن)کے بجائے سینٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی حمایت کرے گی۔
زرداری رابطے