حکمرانوں کی چومکھی لڑائی جمہوریت‘ اداروں کے خلاف سازش ہے: پی ٹی آئی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحر یک انصاف کور کمیٹی کے رکن وسابق گور نر چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی چومکھی لڑائی جمہوریت اور اداروں کیخلاف سازش ہے مگر حکمرانوں کی تمام سازشیں عوامی طاقت سے ناکام بنا دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نااہلوں کے نامزد کردہ کٹھ پتلی وزیراعظم پاکستان کے بجائے شریف خاندان کے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ نوازشریف کی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے تقریری نسخے کسی کام نہیں آسکتے۔ دریں اثنا اعجاز احمد چودھری سے چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے مرکزی جنرل سیکرٹری پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اور اعجاز احمد چودھری کو 11 جنوری کو آواری ہوٹل میں تحفظ ختم نبوت و القدس آل پارٹی کانفرنس کا دعوت نامہ دیا۔ اس موقع پر اعجاز احمد چودھری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم ختم نبوت پر یکسو ہے۔