وزیراعلیٰ ثناءزہری ہی نہیں ساری کابینہ کرپٹ ہے سب کو پکڑا جائے: شاہ زین بگٹی
لاہور (فرخ سعید خواجہ) نواب اکبر خان بگٹی کے پوتے اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اسٹیبلشمنٹ کا کھیل جاری ہے۔ وزیراعلی زہری کے سیکرٹری کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری شرمناک ہے۔ بلوچستان کا وزیراعلی ہی نہیں ساری کابینہ کرپٹ ہے سب کو پکڑ لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وہ گزشتہ روز نوائے وقت کو کوئٹہ سے انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے ان لوگوں نے مداخلت کی، نیشنل پارٹی اور پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کو حکومت دلائی اس سے جو بن پڑا کیا لیکن بلوچستان کے عوام کی محرومیاں ختم کرنا ان کے بس میں نہیں تھا۔ جب ثناءزہری وزیراعلی بنے اس وقت بھی پینے کا صاف پانی میسر نہیں تھا۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی تھیں، بغاوت کا ماحول تھا۔ اس نے حالات سدھارنے کی کوشش کی لیکن وفاقی حکومت کو جس طرح ان سے تعاون کرنا چاہئے تھا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2013ء میں ہمارے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ اسٹیبلشمنٹ کاش احساس کرے اور آنے والے انتخابات کو منصفانہ اور آزادانہ طور پر ہونے دیں۔
شاہ زین بگٹی