غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد دیتی ہیں،وی سی بارانی یونیورسٹی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میںانگریزی و اُردو تقریری مقابلہ منعقد ہوا ، جس کامقصد نوجوانوں میں مثبت رویے کو اُجاگر کرنا اور ملکی استحکام میں درپیش چیلنجز سے نمٹنا اور اہداف کے عین حصول کو یقینی بنانا تھا یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثروت این مرزا نے تقریری مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نوجوانوں میں مثبت رویہ اپنانے اور اس کے فروغ دینے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور فکری صلاحیتوں کو پرکھنے کے علاوہ ان کے جذبات و نظریات کو پروان چڑھانے کے لیے نہایت موزوں ہیں اس تقریری مقابلے کے انعقاد ایریڈین ڈیبیٹنگ کلب (Aridian Debating Club) اور پاکستان ڈیبیٹنگ سوسائٹی نے کیاجس میں راولپنڈی ڈویژن کے پندرہ کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ نے شرکت کی۔ اردو تقریری مقابلے میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی سیدہ دعائے زہرا نے پہلی ، ثانیہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا نے دوسری جب کہ ارباز خان اور نور فاطمہ بارانی زرعی یونیورسٹی اٹک کیمپس نے تیسری پوزیشن حاصل کی انگریزی زبان کے تقریری مقابلے میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی مدیحہ انعام نے پہلی ، روٹس ملینیم انٹرنیشنل کالج کے محمد بن خالد نے دوسری اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے عبدالمتین نے تیسری پوزیشن حاصل کی وائس چانسلر نے اس موقع پر نوجوانوں کو ملک کی ترقی کے لیے ہر میدان میں سبقت لے جانے کے لیے مسلسل کاوشوں کا بھی درس دیا۔