امریکی اخبار کی خبر جھوٹ: بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم نہیں کرتے: مصر
قاہرہ(این این آئی) مصر نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی اْس رپورٹ کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعوی کیا گیا کہ مصر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کو ضمنی طور پر قبول کر لیا ہے۔ امریکی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ اْس کے پاس بعض آڈیو ریکارڈنگز موجود ہیں۔ یہ ریکارڈنگ مصری انٹیلی جنس کے ایک افسر اشرف الخولی کی آواز میں ہے جس میں اس کے ساتھ مصر کے تین ٹاک شو پریزینٹرز عزمی مجاہد، سعید حساسین اور مفید فوزی بھی شامل ہیں۔مصری ایوانِ صدر سے جاری بیان میں کہا گیا امریکی اخبار کی رپورٹ میں محض دعوے کیے گئے ہیں۔