ڈکیتی کی واردات میں تیس سالہ شادی شدہ شخص قتل کر دیا گیا
تلہ گنگ (نامہ نگار) تلہ گنگ شہر کے محلہ بنگلہ نور شاہ میں مبینہ ڈکیتی کی واردات میں تیس سالہ شادی شدہ شخص قتل کر دیا گیا، مقتول کے بھائی کی درخواست پر سٹی پولیس تلہ گنگ نے تین نا معلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے مدعی ذوالفقار حیدر ساکن بنگلہ نور شاہ تلہ گنگ نے پولیس تھانہ سٹی تلہ گنگ کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میں اور میرا بھائی وقار ایک ہی گھر میں اپنی اپنی فیملیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں ۔گزشتہ رات دس بجے کے قریب آہٹ ہونے پر میں کمرہ سے باہر نکلاتو صحن میں میری بھابھی کرسی پر رسیوں سے جکڑی ہوئی بیٹھی تھی ۔جس نے بتایا کہ اُس کا شوہر وقار پیشاب کرنے باہر نکلا تھا کہ تین نا معلوم ڈاکوئوں نے اسے پکڑ لیا اور گھرکے کمرہ میں لے گئے ہیں ۔میں نے بھابی کی رسیاں کھولیں اور جب ہم کمرہ میں داخل ہو کے دیکھا تو میرا بھائی وقار چارپائی کے ساتھ باندھ ہوا تھا ۔جس کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔ ڈاکو جاتے ہوئے گھر سے نقدی بیس ہزار روپے اور طلائی زیورات لے گئے ۔پولیس نے مقتول وقار کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تلہ گنگ میں پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعدلواحقین کے حوالے کر دی ۔جبکہ تین نا معلوم افراد کیخلاف زیر دفعہ 302,460/34ت پ مقدمہ درج کر کے واقعہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے ۔