ہالی وڈ کے شب و روز
شاذیہ سعید
shazi1730@hotmail.com
پیرس ہلٹن نے
کرس سے منگنی کر لی
ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل پیرس ہلٹن نے اداکار کرس زیلکا کے ساتھ منگنی رچا لی۔ اداکار نے گلوکارہ کو20 لاکھ ڈالر کی انگوٹھی پہنائی۔امریکی اداکارہ پیرس ہلٹن نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو منگنی کی خبر دیتے ہوئے تصاویر بھی شیئر کیں۔ کولاراڈو کے پہاڑی علاقے میں اداکار کرس زیلکا نے گھٹنوں پر بیٹھ کر گلوکارہ کو منگنی کی پیش کش کی جسے پیرس ہلٹن نے بخوشی قبول کر لیا۔زیلکا نے ہلٹن کو بیس لاکھ ڈالر مالیت کی انگوٹھی بھی پہنائی جبکہ اس موقع پر پیرس ہلٹن نے اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کیا۔
بریڈ پٹ نشناخت بدل کر لڑکیوں سے فلرٹ کرنے لگے
ہالی ووڈ کے سپر سٹار بریڈ پٹ نے انجلینا جولی سے علیحدگی کے بعد نام اور شناخت بدل کر لڑکیوں سے فلرٹ کرنا شروع کردیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق2005ء میں فلم ’’مسٹراینڈ مسزسمتھ‘‘کے ذریعے نزدیک آنے والے ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ اورانجلینا جولی کئی سال تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے، یہاں تک کہ دونوں کی محبت کی مثالیں دی جاتی تھیں۔ ہالی ووڈ کی یہ مشہور جوڑی2014ء میں شادی کے بندھن میں بندھی تاہم شادی کے2 سال بعد اچانک دونوں کے درمیان علیحدگی کی خبر ان کے چاہنے والوں پر بجلی بن کے گری۔علیحدگی کے بعد پریڈ پٹ نے بہت کوشش کی کہ انجلینا ان کے پاس واپس آجائیں لیکن انجلینا اٹل فیصلہ کرچکی تھیں۔ انجلینا جولی کی طرف سے مایوس ہونے کے بعد بالاخر بریڈ پٹ نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا۔ انجلینا سے علیحدگی کا غم بھلانے کے لئے پہلے تو انہوں نے اپنی پہلی بیوی جینیفر آنسٹین کے ساتھ راہ و رسم بڑھانا شروع کئے لیکن جب یہاں بھی ان کی دال نہیں گلی تو بریڈ پٹ ایک اورخاتون کے ساتھ دیکھے جارہے ہیں لیکن بہت ہی ڈرامائی انداز میں۔بریڈ پٹ کو ایک کافی شاپ کے باہر دیکھا گیا ہے جہاں وہ بالکل فلمی انداز میں لیدر جیکٹ اور جینز پہنے سن گلاسز لگا کر کسی خاتون سے ملنے آئے تھے۔ حیرت انگیز طور پر وہ خاتون امریکی اداکارہ کیٹ موز سے مشابہہ تھی۔ بریڈ پٹ نے اس خاتون سے اپنا تعارف بریڈ پٹ کے بجائے ولیم کے نام سے کرایا جب اس خاتون نے بریڈ پٹ سے کہا کہ تم تو بریڈ پٹ جیسے لگتے ہوتو بریڈ پٹ نے کہا کہ میرا پورا نام ولیم بریڈ لی پٹ ہے۔ جس کا یہ مطلب ہوا کہ بریڈ پٹ اپنے اصل نام کے ساتھ خاتون کے ساتھ سیر سپاٹے کررہے ہیں لیکن انہیں نام بدلنے کی ضرورت کیوں پیش آئی یہ تو وہی بتا سکتے ہیں۔
مسٹر بین63برس کے ہو گئے
دنیا کو اپنی حرکتوں سے ہنسانے والے مسٹر بین63برس کے ہو گئے ۔ہالی وڈ اداکار روون ایٹکنسن نے6جنوری کو اپنی63ویں سالگرہ منائی۔6جنوری1955ء کو انگلش کاؤنٹی ڈرہم میں جنم لینے والے روون نے اپنے کیریئر کا آغازبی بی سی کے ریڈیو پروگرام دی ایٹکنسن پیوپل سے کیا۔اس کے بعد انہوں نے بی بی سی سے ہی ایک کامیڈی شو ناٹ دی نائن او کلاک نیوز پیش کیا۔1990ء میں انہوں نے ’’دی ہیلپ لیس‘‘ مسٹر بین کا پہلا کامیڈی شو پیش کیاانہوں نے مسٹر بین کے بہت سے سیکوئیلز پیش کئے۔1997ء میں مسٹر بین شو کے کردار کو لے کرڈائریکٹر میل اسمتھ نے فلم بنائی، جس کا نام ہی مسٹر بین رکھا گیا ۔2007ء میں اسی سلسلے کی دوسری فلم مسٹر بین ہالی ڈے کے نام سے بنائی گئی ،1995 ء اور1997 ء کے درمیان روون ایک مقبول ٹیلی ویژن سیریز دی تھن بلیو لائن میں بھی جلوہ گر ہوئے۔جس میں انہوں نے ایک پولیس انسپکٹر کا کردار ادا کیا تھا، ان سیریلیز میں ان کی سنجیدہ اداکاری کوبھی بہت سراہا گیا۔ نومبر2012ء میں روون نے مشہور زمانہ مسٹربین کے کردار کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ۔2003ء میں انہوں نے جیمز بونڈ سیریز کی پیروڈی فلم جونی انگلش میں بھی کام کیاجس کا سیکوئل جونی انگلش ری بورن کے نام سے7اکتوبر2011ء کو ریلیز ہوا۔
میڈونا4سکول کھولیں گی
امریکی گلوکارہ میڈونا نے نئے سال کے آغازمیں اس بات کااعلان کیا ہے کہ وہ مشرقی افریقہ کے ملک ملاوی میں4 سکول قائم کریں گی۔میڈیا کے مطابق اس سے قبل بھی وہ کئی سکول ملاوی میں قائم کر چکی ہیں ان سکولز کے بعد افریقی ملک میں ان کے سکولوں کی تعداد کل14 ہوجائے گی۔میڈونا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سکولز ایک این جی او اور ان کے مشترکہ تعاون سے بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو اچھی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے جو ان کا حق بھی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ میں سب کو چیلنج کرتی ہوں، آئیں ہمارے ساتھ کام کریں اور پھر دنیا بھر میں آنے والی تبدیلی کودیکھیں۔