پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے ترک منشیات کے پانچ نجی سنٹرز کو کام سے روک دیا
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے ترک منشیات و بحالی کے نجی اداروں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے پانچ سینٹرز کو کام کرنے سے روک دیا ہے اور ان اداروں میں مہیا کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لے کر مزید کارروائی کے لیے رپورٹ بھی مرتب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشن کی ٹیموں نے شہرکے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اور 17 اداروں کی انسپکشن کی اور پانچ کو کام کرنے سے روک دیا ۔ ان اداروں میں فوکس آن لائف کلینک بند روڈ،سلور لائنگ ری ہیبلیٹیشن سنٹر، ایڈکشن ریکوری سنٹر علامہ اقبال ٹائون ،شاف کلینک کمہاں روڈ اور راہ نجات کلینک کینال بنک سوسائٹی شامل ہیں۔ ان اداروں میں نہ ہی کوئی ماہر نفسیات اور ڈاکٹر کام کر رہے تھے اور نہ ہی مستندوتربیت یافتہ عملہ۔ اگر کسی علاج گاہ میں کوئی عملہ تعینات کیا گیا تھا تووہ صرف جز وقتی تھا۔ مزید برآں امید ہسپتال رحمانپورہ اور ایمان کلینک جوہرٹائون کومر یض داخل کرنے سے روک دیا ہے۔ کمشن کے ترجمان نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن نے پچھلے ہفتہ کے دوران ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے عامر چشتی ہسپتال کو سیل کیا تھا کیونکہ وہاں پر علاج کی سہولیات ناپید تھیں اور مریضوں کے ساتھ غیر انسانی برتائو کی جاتاتھا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کمشن ایسے تمام اداروں کو کام نہیں کرنے دے رہاجنہوں نے کمشن سے تاحال لائسنس حاصل نہیں کیا ہے اورنہ ہی فرا ہمی علاج و معالجہ کے کم سے کم معیارات پر پورااترتے ہیں۔