ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری بتدریج بڑھ رہی ہے : نعیم وائی زمیندار
لاہور(کامرس رپورٹر) چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ نعیم وائی زمیندار نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیرملکی و مقامی سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے غیرملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مزید معاہدوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سے ملاقات میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری بتدریج بڑھ رہی ہے، رواں سال غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے 3.7ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیرملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے، چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے تحت سپیشل اکنامک زونز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اگلے پچیس سالوں میں چین کی معیشت کا حجم 30ٹریلن ڈالر ہوجائے گا جس سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیداواری لاگت کم ہونی چاہیے تاکہ صنعتوں کو فائدہ ہو۔