بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دےا
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے افتتاحی روز پاکستان نے اپنا میچ جیت لیا جبکہ امارات میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس مل گیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دےا ۔اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی بنگلہ دیش نے 40 اوورز میں 207 رنز بنائے پاکستان نے 17 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر باآسانی ہدف عبور کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بدر منیر نے 70 گیندوں پر 145رنز بنائے۔ عامر اشفاق 46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ بلائنڈ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں عمدہ کارکردگی پر بدر منیر کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یو اے ای میں گذشتہ روز پہلا میچ بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا۔ میچ بے نتیجہ ختم ہونے پر دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ کی حقدار قرار پائیں۔