عوام فیصلہ کریں انہیںمیٹرو چاہئے یا غربت کا خاتمہ، بلاول بھٹو
ڈہرکی/سکھر( نامہ نگاران) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عوام فیصلہ کریں کہ پنجاب کی طرح میٹرو چاہتے ہیں یا غربت کا خاتمہ۔2018ء میں بھی عوام کی حمایت سے حکومت بنائیں گے۔ ایک آمر اور دہشت گردوں نے مل کرمیری ماں کو مجھ سے چھین لیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھرمیں سرسو کے زیر اہتمام محنت کش خواتین کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، فریال تالپور، نثار احمد کھوڑو اور دیگر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے اسپتال بنائے اور عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کیں ۔ ہماری حکمت نے ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے پروگرام بنائے ہم نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کی کوشش کی ہے اور بلاسود قرضے دے کر خواتین کی مالی مدد کی ہے۔ اس پروگرام کے لئے سندھ حکومت وسائل فراہم کررہی ہے۔ بلاول بھٹو زراری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت نے سندھ میں این جی اوز کے خلاف کریک ڈائون کا اعلان کیا تھا ۔پیپلزپارٹی سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ ڈہرکی سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رکن صوبائی اسمبلی، سردار احمد علی خان پتافی کے لئے تعزیت کی ۔ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکھر سے گھوٹکی کے علاقے کینجھر پہنچے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ فریال تالپور،وزیر اعلی مراد علی شاہ،سابقہ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ ،نثار کھوڑو،سہیل انور سیال اور جام مہتاب حسین ڈہر بھی تھے۔ کینجھر پہنچ کر بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم سردار احمد علی خان پتافی کے بڑے بیٹے عبدالقیوم پتافی،عبدالباری پتافی،عبدالباقی پتافی ،اور دیگر کے ساتھ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔
بلاول بھٹو