ضوابط پر اترنے والاہر مطالبہ پورا کرینگے‘ ڈاکٹر اجمل خان
کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی کے غیر تدریسی ملازمین کو منانے کے لئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے رجسٹرار ڈاکٹر منور رشید کے ہمراہ پیپلز یونائیٹڈ ایمپلائز کے اجلاس عام میںپہنچ گئے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی میں اس کے ملازمین کا کلیدی کردارہوتاہے اور ملازمین کی خوشحالی سے ہی ادارے خوشحال ہوتے ہیں ۔ملازمین کے بغیر ادارے چل نہیں سکتے ،اداروں کی ترقی ملازمین کی قابلیت اور ہنرکے بغیر ممکن نہیں،جس ادارے میں ملازمین کو سہولیات فراہم نہ ہوں وہ ادارے تباہی کی طرف چلے جاتے ہیں۔لیکن اداروں کی کامیابی شفافیت اور دیانت داری سے مشروط ہے ۔میں آج خود ملازمین کے درمیان بیٹھ کر ان کے مطالبات سننے کے لئے آیاہوں اور ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو نہ صرف سنا جائے گابلکہ ان پر سنجیدگی سے غوربھی کیا جائے گا۔ قانون اور ضابطوں کے مطابق ہر مطالبہ قبول کرنے میں کبھی دیر نہیں لگائوں گا۔دریں اثناء پیپلز یونائیٹڈ ایمپلائز کے صدر زاہد حسین نے کہا کہ ہمیں سیاست کرنے کے بجائے جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہیئے کیونکہ جامعہ کی ترقی میں ہی ہماری ترقی ہے ۔اس موقع پرجنرل ورکرز گروپ،انصاف پسند گروپ اور ایمپلائز فورم کے عہدیداران شیخ الجامعہ کے اس اقدام کو بیحد سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی شیخ الجامعہ اسی طرح ہمارے مسائل کو حل کرنے میں کلیدی کردار اداکریں گے۔ملاقات کے بعد جامعہ کراچی میں گذشتہ چار روز سے جاری احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ ختم ہو گیا اور شیخ الجامعہ کی ملازمین کو تمام جائز مطالبات ماننے کی یقین دہانی کے بعد ملازمین کے ایک گروپ نے جامعہ کراچی میں ہڑتال ختم کر دی ۔صدر پیپلز یونائیٹڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جامعہ کراچی زاہد بلوچ کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی میں ملازمین کو مکمل سہولیات دینے کی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے ۔