واشنگٹن (این این آئی )ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو)نے خبردار کیاہے کہ امریکی امداد کی معطلی سے شمال مشرقی شام میں داعش کے مشتبہ دہشت گردوں کے رشتہ داروں کے کیمپوں میں موجودہ خطرناک حالات خراب تر ہو سکتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کے ادارے نے امریکاپر زور دیا کہ وہ مالی معاونت برقرار رکھے۔داعش کی علاقائی شکست کے برسوں بعد خطے میں کردوں کے زیرِ انتظام کیمپوں اور جیلوں میں اب بھی تقریبا 56,000 افراد ہیں جن کے شدت پسندوں سے مبینہ روابط ہیں یا ایسا سمجھا جاتا ہے۔ان میں جیلوں میں بند مشتبہ شدت پسند افراد کے ساتھ ساتھ داعش کے دہشت گردوں کی بیویاں اور بچے بھی شامل ہیں جو الہول اور روج کے حراستی کیمپوں میں قید ہیں۔ایچ آر ڈبلیو نے ایک بیان میں کہاکہ امریکی حکومت نے ان کیمپوں میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے لیے غیر ملکی امداد معطل کر دی ہے جس سے خطرناک حالات شدت اختیار کر رہے ہیں اور سکیورٹی کی غیر یقینی صورتِ حال کو مزید عدم استحکام کا خطرہ لاحق ہے۔
امریکی امداد منجمد ، شامی کیمپ کے حالات بگڑنے لگے، ہیومن رائٹس واچ
Feb 09, 2025