دہلی اسمبلی : عام آدمی پارٹی کو شکست ، 27برس بعد بی جے پی کی سادہ اکثریت 

Feb 09, 2025

نئی دہلی (نوائے وقت پورٹ) بھارت کی دہلی اسمبلی کے انتخابات میں مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اکثریت حاصل کر لی۔ دہلی اسمبلی کے انتخابات کیلئے 5 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی، ابتدائی نتائج آ گئے۔ دہلی میں حکومت بنانے کیلئے 70 میں سے 38 نشستوں پر کامیابی درکار ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی سادہ اکثریت سے زیادہ نشستیں حاصل کر چکی۔ بھارتی الیکشن کمشن کے مطابق دہلی اسمبلی کے 70 کے ایوان میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 44 سیٹیں جیت لیں اور اسے مزید 4 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ 10 سال سے برسر اقتدار عام آدمی پارٹی 21 سیٹیں ہی حاصل کر سکی اور اسے 1 نشست پر برتری حاصل ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس ایک بھی حلقہ نہ جیت سکی۔ یہاں بی جے پی 27 برس بعد الیکشن جیتی، عام آدمی پارٹی نے دس برس میں دہلی اسمبلی میں اکثریت کھو دی اور سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال بھی اپنی نشست ہار گئے۔ انہوں نے بی جے پی کو مبارک باد دیتے ہوئے شکست تسلیم کر لی۔

مزیدخبریں