چین کا مصر اور عرب لیگ کو نوول کرونا وائرس ویکسینز فراہم کرنے کا اعلان
قاہرہ (شِنہوا)چین،مصر اور عرب لیگ کو نوول کرونا وائرس ویکسینز کی ایک کھیپ فراہم کرے گامصر میں چینی سفیر لیالی چھیانگ نے ایک آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ چین نے حال ہی میں مصر اور عرب لیگ کو نوول کرونا وائرس ویکسین کی ایک کھیپ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وہ مصر کو چینی کمپنیوں کی تیارکردہ نوول کرونا وائرس ویکسینز خریدنے میں سہولت دینے پربھی آمادہ ہے۔ چینی سفیرنے کہا کہ یہ اقدام چین اور مصر کے سربراہان مملکت کے مابین گہری دوستی اور مصری عوام کیلئے چینی عوام کے مخلصانہ جذبات کی عکاسی کرتا ہے، اس سے مصر کو عالمی وبا ء پر جلد سے جلد قابو پانے میں مدد ملے گی۔ چین 14ترقی پذیر ملکوں کو ویکسین فراہم کررہا ہے اور 38 دیگر ترقی پذیر ممالک کو بھی اسی طرح کی امداد فراہم کرے گا۔لیا نے کہا کہ چین نے باقاعدہ طور پر نوول کرونا وائرس ویکسین عالمی رسائی(کوویکس)میں بھی شمولیت اختیار کرلی ہے اور اسے ویکسینز کی1کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین بین الاقوامی برادری اور تمام فریقین کی مشترکہ کاوشوں سے دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس ویکسینز کی مساوی تقسیم اور استعمال کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کی توقع کرتاہے اور بین الاقوامی برادری کی اس وباء پر جلد فتح پانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گا۔