پنجاب میں صحت کے شعبہ میں منصوبے تیزی سے مکمل کر رہے ہیں، سلمان رفیق
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کی جارہی ہے جس سے صوبے کے ہیلتھ سیکٹرمیں بہت بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں ساڑھے پانچ ارب روپے سے صحت کے مختلف منصوبوں کی تکمیل اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے ان منصوبوں کے افتتاح کے بعد جنوبی پنجاب میں صحت کی جدید سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے مقامی لوگوں کو لاہور کے ہسپتالوں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔آج یہاں ایک بیان میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کارٹرز ہسپتالوں کی ری ویمپنگ، ضلعی ہسپتالوں میں CTسکین کی تنصیب اور آئی سی یوکے قیام کے منصوبے پر بھی اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ ملتان میں 1929ملین روپے کی لاگت سے چلڈرن ہسپتال میں 150بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے۔