گزین مری کی جسٹس نوا ز مر ی قتل کیس میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور
کوئٹہ (آئی این پی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ راشد محمود نے نواب زادہ گزین مری کی جسٹس نواز مری قتل کیس میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کو 16فروری تک کیلئے ملتوی کردیا۔ اس کے علاوہ وکلاء تنظیموں کی سانحہ 8اگست سے متعلق ہڑتال کے باعث احتساب عدالت کوئٹہ II کے جج پذیر احمد بلوچ نے گندم خورد برد کے 2ریفرنسز میں نامزد سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ ودیگر اور ایڈہاک اینڈ سیشن جج کوئٹہ جناب سعادت اللہ خان نے پشتونخوا میپ کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کے خلاف دائر مقدمہ قتل کی سماعتوں کے لئے نئی تاریخیں دیدیں۔ احتساب عدالت کوئٹہ IIکے جج پذیر احمد بلوچ کے روبرو گندم خورد برد کے 2ریفرنسز کی سماعت ہوئی ریفرنس نمبر1/2015میں نامزد ملزمان سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ، ولی کاکڑ اور ملزم بحراست حسین آفریدی اور گواہ استغاثہ محمد اکرم عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم وکلاء کی ہڑتال کے باعث ریفرنس کی سماعت کو19فروری تک کیلئے ملتوی کردیا گیا، اس کے علاوہ گندم خوردبر ریفرنس نمبر6/2016کی سماعت کو 22فروری تک ملتوی کردیا گیا مجید خان اچکزئی کے خلاف غفار نامی شخص کو قتل کرنے کے کیس کی سماعت بھی ایڈہاک اینڈ سیشن جج سعادت اللہ خان کے روبرو مقرر تھی وکلاء کی ہڑتال اور عدم مو جو د گی کے باعث کیس کی سماعت کو 5مارچ کیلئے تک ملتوی کردیا گیا۔