باب پاکستان کی تعمیر میں تاخیر کیخلاف درخواست ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کی سما عت سے معذرت، استدعا چیف جسٹس کو بھجوا دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے باب پاکستان کی تعمیر میں تاخیر کیخلاف دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کرلی اور درخواست چیف جسٹس کو اس سفارش کیساتھ بجھوائی ہے کہ اسے سماعت کیلئے کسی دوسرے بنچ میں پیش کیا جائے۔ جسٹس عابد مسعود نقوی اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی درخواست پر سماعت کی جس میں باب پاکستان کی تعمیر میں تاخیر کی نشاندہی کی گئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 28 برس سے باب پاکستان کی تعمیر جاری ہے لیکن یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا جبکہ اسکے ڈائزین میں تبدیلی اور تاخیر کی وجہ سے منصوبے کی لاگت بڑھتی جا رہی ہے اور اس سے قومی خزانے پر بوجھ پڑ رہا ہے۔