کشمیر ایشو پر سیاسی وعسکری قیادت ایک پیج پر ہے، سینیٹرعبدالقیوم
اسلام آبا د (نا مہ نگار)قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہاہے کہ پاکستان میں کشمیر ایشو پر صرف ایک ہی آواز ہے ،ہماری سیاسی وعسکری قیادت ایک پیج پر کھڑے ہیںاور پاکستان میں اس حوالے سے کوئی دوسرا گروپ نہیں ،پاکستان الحمد اللہ ایٹمی طاقت ہے اور ہر طرح سے دشمن کو جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز اور وجموں کشمیر وائس آف وکٹمزکے زیر اہتمام اسلام آباد میں کشمیر ایشوپر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے حریت راہنما ظفر اکبر بٹ ،آل پارٹیز حریت کے لیڈر محمود احمد ساغر ،صدر انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلو میٹک سٹڈیز فرحت آصف،سابقہ وزیر آزاد ریاست جموں و کشمیر فرزانہ یعقوب، چیئرمین شعبہ بین الاقوامی تعلقات نمل ڈاکٹر عدنان سرور خان نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے وائس چیئرمین الطاف احمد بٹ، جنرل مسعود شریف خٹک ،سینیٹر اسما عیل بلیدی ،مشتاق عسکری ، سردار عظیم ، آصف نور، ظفر بختا وری ،قاری امجد سمیت درجنوں غیر ملکی سفارتکار ، سول سوسائٹی اور علم و ادب اور تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجو د تھی ، ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن اور خوشحالی نہیں آسکتی ، انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث ہیں ، 1989سے آج تک دو لاکھ سے زائد آزادی کے پروانے جام شہادت نوش کر چکے ہیں پچیس ہزار سے زائد بیوہ خواتین جبکہ ایک لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں ،اقوام متحدہ ،انسانی حقوق کے علمبرداروں کو کشمیر میں بہتی لہو کی نہریں کیوں نہیں دکھائی دے رہیں ، انہوں نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد اس مسئلے کے حل کے لئے عملی اقدامات کریں ۔انکاکہنا تھا کہ میڈیا اور حکومت پاکستان کو کشمیریوں کی آزادی کیلئے مزید اقدامات کرنا ہو نگے ۔