اسلام آباد میں دھرنا دینے والے پختون قبائل کی بڑی تعداد گھروں کو لوٹ گئی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھرنا دینے والے پختون قبائل کی بڑی تعداد اپنے اپنے گھروں کو چلی گئی ہے، پختون قبائل کے مشران کی وزیراعظم سے ملاقات دھرنا رہنمائوں کے درمیان اختلاف کا باعث بن گئی ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نقیب اللہ کے قاتل رائو انوار کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر دھرنے کے شرکاء کے ٹھہرنے یا گھروں کوجانے میں اتفاق رائے نہ ہو سکا ،کچھ رہنمائوں نے وزیر اعظم کی طرف سے نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا جب کہ کچھ نے احتجاج جاری رکھنے کا پر اصرار کیا، دھرنے کے بیشتر شرکاء گھروں کو واپس لوٹ گئے ہیں، تاہم کچھ شرکاء اب بھی پریس کلب کے باہر موجود ہیں جن کا موقف ہے کہ وزیراعظم ہاؤس سے نوٹی فکیشن کے اجراء اور راؤ انوار کی گرفتاری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔