متبادل کے طور پر درسی کتب کی سافٹ کاپیز طلبہ کو آن لائن دستیاب ہوں گی
اسلام آباد (نا مہ نگار) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمارٹ یوز آف ٹیکنالوجی کے تحت اپنے 13لاکھ سے زائد طلبہ کی درس و تدریس کی سہولتوں میں اضافہ کے لئے ایکشن پلان تیار کرلیا ہے ٗ منصوبہ ریجنل ڈائریکٹرز کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم کے تحت منعقدہ اجلاس میں زیر بحث آیا۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کو کتابیں بروقت دستیاب کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش اور اقدام کریں گے۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر سمسٹر میں جب تک پرنٹڈ کتابیں طلبہ کو ارسال نہیں کی جاتی ہیں ٗ متبادل کے طور پر اِن کتابوں کی سافٹ کاپیز طلبہ کو آن لائن دستیاب کئے جائیں گے۔ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے کہا کہ منصوبے پر عمل درآمد کرتے ہوئے سمسٹر خزاں 2017ء میں پیش کئے گئے بی ایڈ پروگرامز کے کتابوں کی سافٹ کاپیز ویب سائٹ پر فراہم کردی گئی ہیں ٗمستقبل قریب میں میٹرک تا پی ایچ ڈی سطح تک تمام تعلیمی پروگراموں کی کتابیں بھی ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں گی ۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی بتدریج آن لائن ایجوکیشن کی جانب بڑھ رہی ہے ٗ ۔ ریجنل ڈائریکٹرز سے ڈائریکٹر ریجنل سروسز ٗ ڈاکٹر عارف سلیم عارف ٗ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ ٗ سید ضیاء الحسنین ٗ ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ٗ ڈاکٹر ناصر محمود ٗ ڈین فیکلٹی آف سائنس ٗ پروفیسر ڈاکٹر ظفر الیاس ٗ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ٗ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان ٗ ڈین فیکلٹی آف کلیہ عربی و علوم اسلامیہ ٗ پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے بھی خطاب کیا ۔