26 خصوصی مراکز میں ایڈز کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، ڈاکٹر بصیر اچکزئی
اسلام آباد(اے پی پی) نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ایڈز کے موذی مرض کے تدارک کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے عالمی دن کا مقصد اس موذی مرض کے حوالے سے پالیسی سازوں اور عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے اور لوگوں تک اس حوالے سے درست معلومات پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس بیماری کی روک تھام کے لیے بجٹ مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس مرض کے حوالے سے نہ صرف آگاہی پیدا کرنا ہے بلکہ اس کا شکار افراد کی علاج معالجے تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پورے ملک میں ایڈز کے مریضوں کے علاج کے لیے 26 خصوصی مراکز قائم کر رکھے ہیں جہاں ایڈز کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔