صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کیلئے تمام یونین کونسلز میں سروے شروع
راولپنڈی( نیوزرپورٹر) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری لانے کیلئے تمام یونین کونسلز میں سروے شروع کر دیا ہے،جس میں عوام سے تجاویز لی جارہی ہیں۔جمعرات کو راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ٹیم نے یونین کونسل 13میں سروے کیا ،آپریشنز اور کمیونیکیشن پرمشتمل آر ڈبلیوایم سی کی ٹیم نے گھر گھر سروے میں شہریوں سے ایک سوالنامے کے ذریعے تجاویز لیں ،اس موقع پر ڈپٹی میئر راولپنڈی چوہدری طارق نے خصوصی طور پر اس سروے میں شرکت کی اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اس اقدام کی تعریف کی،اس موقع پر چیئرمین ،وائس چیئرمین یونین کونسل اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندے بھی انکے ہمراہ تھے،شہریوں نے بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی اس سروے مہم کو سراہتے ہوئے اپنی تجاویز پیش کیں،انہوں نے شہر میں صفائی کی صورتحال کو معیاری قرار دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی،اس موقع پر اپنے خطاب میں ایم ڈی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر رضوان علی شیردل نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے،اپنے شہر کو گندگی اوربیماریوں سے پاک کرنے کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی حالیہ مہم میں بھرپور تعاون کریں،صفائی ایک مشترکہ عمل ہے سب اپنی زمہ داریاں بخوبی نبھائیں تو راولپنڈی ایک صاف ستھرا شہر بن جائیگا،ڈپٹی میئر راولپنڈی چوہدری طارق نے کہا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بہت اچھا کام کر رہی ہے ،صفائی میں مزید بہتری کیلئے سروے کا اقدام انتہائی کارآمد ثابت ہو گا،ہم سب بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے صفائی کیلئے جاری کاوشوں میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ہاتھ بٹائیں ۔