کاروبار دوست پالیسیوںکیلئے حکومت کاروباری برادری سے مشاورت کرے: خواجہ خاور
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ ٹیکسوں کا آسان اور عام فہم نظام بہترین کاروبار دوست ماحول پیدا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر عارفہ اقبال سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مستقل دوستانہ تعلقات بہتر کرنے کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور کاروباری برادری کے حقیقی تحفظات کو دور کرنا ضروری ہے۔ ادیب اقبال شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیاں وضع کرنے کے لیے حکومت کاروباری برادری کو شامل مشاورت کرے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے منصوبوں میں پاکستانی تاجروں کو بھی برابری کی سطح پر مواقع فراہم کیے جائیں۔