چوتھے بیچ گیمز 10مارچ سے کراچی میں ہوں گے
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ چوتھے کے سی ایس اے بیچ گیمز 10اور 11مارچ کو کراچی میں منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے دس لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ گیمز میں20 مردوں اور خواتین کے ڈسپلنز کو شامل کیا گیا ہے جس میں سے800 زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ساتھ ایاز موتی والا، خالد رحمانی، غلام محمد و دیگر موجود تھے۔اسلم خان نے بتایا کہ وزیر کھیل سندھ نے کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کا سرپرست اعلیٰ بننا قبول کرلیا ہے ۔اس کے ساتھ معروف ادارے نیموزکو ایونٹ منیجر مقرر کیا گیا ہے۔حیدر آباد سے25 کھلاڑیوں کا دستہ حیدر آباد سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر سید سخاوت علی کی سربراہی میں شرکت کرے گا، ایاز موتی والا نے20 جیولری گفٹ اورفرینک لائنز کلب کی جانب سے 100 ممبر شپس دینے کا اعلان کیا ہے۔ خالد رحمانی اور غلام محمد خان نے کہاکہ ایونٹ کو یادگاری بنانے کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں۔ 300اسکول اور کالج کے اسٹوڈنٹس بیچ کی صفائی کے لئے مدعو کئے گئے ہیں ۔ 50پیرا اسپورٹس پاکستان کے کھلاڑی اور متوقع طور پر کچھ غیر ملکی کھلاڑی بھی ان مقابلوں کا حصہ ہوں گے۔چوتھے کے سی ایس اے بیچ گیمزکی آرگنائزنگ کیمٹی میں محمد تقی، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد نسیم،سرورحسین ہوں گے۔