لیبیا کشتی حادثہ‘ 8پاکستانیوں سمیت 28افراد کو سمگلروں نے دوبارہ قید کرلیا: پاکستانی سفارتخانہ
طرابلس(نوائے وقت رپورٹ+این این آئی) لیبیا میں کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے بارے میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 28افراد کو سمگلروں کی جانب سے دوبارہ قید میں لے لیا گیا ہے اور انہیں کسی نامعلوم مقام پر رکھا ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اہلکار کا کہنا ہے کہ قید کیے گئے ان افراد میں 8 پاکستانی بھی شامل ہیں۔حادثے میں 90 افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے3 کے زندہ بچ جانے کی اطلاعات تھیں۔اس واقعے میں 12 پاکستانی بھی ہلاک ہوئے تھے، جن کی نعشوں کو طرابلس کے مردہ خانے میں رکھا گیا تھا۔اس بارے میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک افراد میں زیادہ تر کا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے تھا۔انہوں نے کہا کہ اس کشتی میں 32 پاکستانی سوار تھے اور ہلاک افراد کی تعداد کے حوالے سے تعداد اب بھی واضح نہیں ہے۔علاوہ ازیں لیبیا میں پیش آنیوالے کشتی حادثے میں بچ جانیوالے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے کوششیں شروع کر دی گئیں۔