پی ایس ایل میںشرجیل اور خالد لطیف کی کمی محسوس نہیں ہوگی، سعید اجمل
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز اسپنر سعید اجمل نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)میں ان کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو پابندی کے شکار مرکزی بلے بازوں شرجیل خان اور خالد لطیف کی کمی کے تاثر کو رد کردیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی اور موجودہ اسپن بالنگ کوچ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کی کمی بالکل بھی محسوس نہیں کی جائے گی۔دونوں بلے بازوں کی سزا پر بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جوکچھ انھوں نے کیا ہے میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔سعید اجمل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹرافی کی امیدوار گردانتے ہوئے مداحوں کو یاد دلایا ہے کہ ٹیم ایک مرتبہ چمپیئن ہونے کے ساتھ ساتھ دوسرے سیزن میں سیمی فائنل تک رسائی کا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔سعید اجمل نے اپنے کوچنگ کیریئر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ'بحیثیت کرکٹر میری کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اب میں کوچنگ میں اپنا نام بنانا چاہتا ہوں۔یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی قیادت میں پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس میں سعید اجمل بطور کھلاڑی شامل تھے جبکہ شرجیل خان کی کارکردگی مثالی رہی تھی۔