قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے شام کے اوقات میں عدالتوں سے متعلق بل موخر کردیا
اسلام آ باد ( خبرنگار ) قو می اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے اپنے مختصر اجلاس میں شام کے اوقات میں عدالتوں کے قیام کے حوالے سے شام عدالتیںبل 2017پر غور کیا اور آئندہ اجلاس تک مو خر کرنے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی نے نفیسہ خٹک کی جانب سے پیش کئے گئے آئین میں (ترمیم) بل 2017پر مزید غور کے لئے آئندہ اجلاس تک مو خر کردیا۔کمیٹی نے طارق سی قیصر کی جانب سے پیش کئے گئے آ ئین ( ترمیم) بل 2017کو مسترد کردیا۔وزارت قانون کے حکام نے کمیٹی کو آ گاہ کیاکہ کمیٹی کے سفارشات پر عملدرآمد کیا جار ہا ہے۔ متعلقہ بار کونسلز کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں ۔ جوں ہی جوابات موصول ہوں گے کمیٹی کو آ گاہ کیاجائے گا۔ اجلاس کمیٹی چیئرمین چوہدری محمد اشرف کی صدارت میں ہوا۔ ارکان کمیٹی نے چوہدری محمد اشرف کو بطور چیئرمین کمیٹی کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اجلاس میں وزارت قانون کی مالی سال 2018-19کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے ان تجاویز کی منظوری دے دی جبکہ نیب کے ترقیاتی منصو بوں کے حوالے سے تجاویز کو آئندہ اجلاس تک مو خر کردیا۔کمیٹی نے نیب کے حوالے سے ایاز سو مرو، ڈاکٹر عارف علوی،رضاحیات ہراج، شیخ صلاح الدین اور صاحبزادہ طارق اللہ کی جانب سے پیش کئے گئے بلوں پر تفصیلی غور کیا اور تمام بلوں کو آئندہ اجلاس تک مو خر کرنے کا فیصلہ کیا۔