مریم اورنگزیب کی شنگھائی فلم گروپ کی نائب صدر سے ملاقات
شنگھائی (اے پی پی)وزیر مملکت اطلاعات، نشریات ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ سال شنگھائی اور بیجنگ میں منعقد ہونے والے فلمی میلوں میں شرکت کرے گا، پاکستان چین کی فلمی صنعت کے ساتھ مشترکہ بنیادوں پر تعاون اور فلم سازی میں نئے امکانات کی تلاش کے لئے ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے،آئندہ ماہ پاکستان میں نئی فلم پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا، فلم پالیسی کی تشکیل میں ہم چینی ماڈل سے مستفید ہورہے ہیں، فلم اکیڈمی اور آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے قیام سمیت پاکستان میں فلمی صنعت کی بحالی کے لئے مختلف مراعات کا اعلان کیا گیا ہے، نئے ثقافتی معاہدے کے تحت دونوں ممالک تکنیکی معاونت، ایک دوسرے کی مہارتوں اور تجربات کا تبادلہ کریں گے ،ایک دوسرے کی زبان میں فلموں کی ڈبنگ اور مشترکہ نمائشیں منعقد کی جائیں گی، پاک چین دوستی تاریخ اور ثقافت سے مزین ہے، وزیر مملکت مریم اورنگزیب شنگھائی فلم گروپ کی نائب صدر چنگ پنگ ژو سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہی تھیں۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان براڈکاسٹنگ اور فلمی مواد کے تبادلے، تکنیکی معاونت فلم آرکائیو اور فلم میوزیم کے قیام، مشترکہ فلم سازی اور فلم اکیڈمی اور سٹوڈیو کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر مملکت نے اپنے میزبان کو بتایا کہ 60ء اور 70ء کی دہائی میں پاکستان کا شمار فلمیں بنانے والے اہم ممالک میں ہوتا تھا اور یہ دنیا میںفلم سازی میں تیسرا بڑا ملک تھا تاہم گزشتہ 15 سالوں سے ہماری فلم انڈسٹری کو اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ دو برادر ملکوں کے درمیان ہونے والے ثقافتی تبادلوں کے معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تکنیکی معاونت اور تجربات کا تبادلہ کریں گے جبکہ ایک دوسرے کی زبان میں فلموں کی ڈبنگ اور مشترکہ نمائشیں منعقد کی جائیں گی۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان براڈکاسٹنگ اور فلمی مواد کے تبادلے، تکنیکی معاونت فلم آرکائیو اور فلم میوزیم کے قیام، مشترکہ فلم سازی اور فلم اکیڈمی اور سٹوڈیو کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔