برطانیہ پاکستان کی معاشی ترقی میں پاکستان کا شراکت دار رہے گا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے پاکستان افغانستان گیرتھ بائلر نے حال ہی میں پاکستان کے اہم دورہ کے دوران سول اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ برطانوی ہائی کمشن کے ایک اعلامیہ کے مطابق برطانیہ کے خصوصی نمائندہ نے پاکستانی قیادت کو یقین دلایا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھے طویل المدت تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ خاص طور پر اس کی معاشی ترقی میں اس کا شراکت دار رہے گا۔ برطانیہ کے خصوصی نمائندہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کو دہشتگردی کے خاتمے اور خطہ میں قیام امن کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ برطانوی نمائندہ نے پاک افغان ایکشن پلان پر مستقل مزاجی سے عمل درآمد پر زور دیا۔ برطانیہ کے خصوصی نمائندہ نے وزیراعظم کے مشیر برائے اقتصادی امور مفتاح اسماعیل، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ سے ملاقاتیں کیں۔